بھٹکل،9؍ اکتوبر (ایس او نیوز) ہیبلے گرام پنچایت کے ہری کیری روڈ پر اسکول جانے کے لئے کھڑی ہوئی بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جسے بچی نے ناکام بنا دیا۔
مضافاتی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت کے مطابق 10 سالہ بچی کا کہنا ہے کہ جب صبح کے وقت وہ اسکول جانے کے لئے سڑک کنارے کھڑی تھی تو ایک کار میں آنے والے ایک شخص نے اسے کھینچ کر کار میں ڈالنے کی کوشش کی مگر اس کے ہاتھ کو دانتوں سے کاٹ کر وہ اغوا کار کے پنجے سے اپنے آپ کو چھڑانے میں کامیاب ہوگئی۔
اس معاملہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مضافاتی پولیس تھانے کے سب انسپکٹر بھرت نے کہا کہ لڑکی کے بیان کے پس منظر میں ہم لوگ اس سڑک پر گزری ہوئی موٹر گاڑیوں کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے ۔ اب تک لڑکی کے الزام سے تعلق رکھنے والا کوئی سراغ یا ثبوت ہمارے ہاتھ نہیں لگا ہے ۔ اس واقعہ میں سچائی ہے یا پھر کوئی جھوٹ موٹ کی کہانی ہے ، یہ جاننے کے لئے ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔